ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان المبارک 2026 کے لیے صدقہ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی واجبات کی سرکاری رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔
فتویٰ کونسل کے مطابق یہ رقوم وزارتِ اقتصادیات اور سیاحت کے اشتراک سے کی گئی فیلڈ پرائس اسٹڈی کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہیں۔
کونسل کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدقۂ فطر فی فرد 2.5 کلو چاول یا اس کے مساوی نقد رقم 25 درہم ادا کی جائے گی۔
روزہ رکھنے سے معذور افراد کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا یومیہ 20 درہم کے حساب سے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم قابلِ ادائیگی ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق جان بوجھ کر رمضان کا روزہ توڑنے کی صورت میں فدیہ 1,200 درہم مقرر کیا گیا ہے، جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔ اسی طرح حج یا عمرہ کے دوران کسی ممنوعہ عمل کے ارتکاب پر فدیہ 120 درہم ہوگا، جو چھ مستحقین کو ادا کیا جائے گا۔
فتویٰ کونسل نے ایک افطار کھانے کی کم از کم قیمت بھی 20 درہم مقرر کر دی ہے۔
ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا ہے کہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان مرد اور عورت پر صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ الفطر رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو دی جاتی ہے اور اس کی ادائیگی عیدالفطر کی نماز سے قبل تک کی جا سکتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صدقہ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیاں زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ اور متحدہ عرب امارات میں تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے ادا کریں۔