(ویب ڈیسک ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کا کہنا ہے کہ بی سی بی پر کوئی جرمانہ یا پابندی عائد نہیں کی گئی ہے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر کسی قسم کا مالی، انتظامی یا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔
آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی بی کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 نہ کھیلنے پر بنگلہ دیش پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا ۔
آئی سی سی نے 2031 سے پہلے بنگلہ دیش کو آئی سی سی ایونٹ دینے کا بھی اعلان کردیا۔
آئی سی سی نے اعلامیے میں کہا کہ مذاکرات میں بنگلہ دیش ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ایک باوقار فل ممبر ہے، جس کی کرکٹ تاریخ شاندار اور عالمی کرکٹ کی ترقی میں کردار نمایاں ہے۔ بنگلہ دیش ٹیم کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت سے ملک میں کرکٹ کے مستقبل پر کوئی طویل المدتی منفی اثر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی سی سی بنگلہ دیش میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گا۔ بی سی بی پر کوئی جرمانہ یا پابندی عائد نہیں کی گئی ہے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر کسی قسم کا مالی، انتظامی یا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بی سی بی کو آئی سی سی کے قوانین کے تحت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، بنگلہ دیش 2028 سے 2031 کے درمیان اور مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2031 سے قبل، کسی ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عدم شرکت افسوسناک ہے، ہم بی سی بی کے ساتھ مل کر کرکٹ کی پائیدار ترقی، کھلاڑیوں کے مواقع اور شائقین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔