(ویب ڈیسک ) علی امین گنڈا پور نے نرسنگ اور میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس سال یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا میرا کام ہے، اگر میں نے پیسے نہیں دیے تو میرے خلاف " اووو" کر کے احتجاج کریں۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی بڑھ گئی ہے لیکن صوبوں کی تعداد نہیں بڑھائی جا رہی، یہاں لوگ اپنی بادشاہت قائم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں غلط کام نہیں کر رہا تو ڈروں کیوں؟ ہمیں اللہ کو جواب دینا ہے، یہ سوچ پیدا کرنی ہو گی، ہم نے کشکول کو توڑنا ہے جس کے لیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔
وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ ہم نے اداروں کو با اختیار کرنا ہے، کے پی پہلا صوبہ ہے جہاں 30 ارب روپے قرضہ اتارنے کیلئے فنڈ مختص کیے گئے ہیں، اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنےکیلئے فنڈز مختص کیے۔
علی امین گنڈا پور نے نرسنگ اور میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سال یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا میرا کام ہے، اگر میں نے پیسے نہیں دیے تو میرے خلاف " اووو" کر کے احتجاج کریں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جارہی ہے، انفرادی ملاقاتیں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی عدم موجودگی کی وجہ سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات بانی سے تاخیر ہو رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ میں ہی کرونگا، وزراء کو کابینہ سے نکالنے کا فیصلہ میں جاری کرونگا ، کابینہ میں ردوبدل سے متعلق فیک نیوز شیئر ہو رہی ہے۔