(ویب ڈیسک ) وزیراعظم نے ٹیم سیالکوٹ اور ٹیم حیدرآباد کے نمائندگان کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے ملاقات کی ۔نمائندگان میں ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم "او-زیڈ ڈویلپر" کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد حاصل کرنے والی فرم "ایف کے ایس"، کے فواد سرور شامل تھے۔
وزیراعظم نے ٹیم سیالکوٹ اور ٹیم حیدرآباد کے نمائندگان کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کامیاب بڈنگ کے عمل پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی مینیجمینٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے لئے بولی کا عمل ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا جو کہ اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دو نئی ٹیمیں پی ایس ایل کے لئے تازہ ہوا کے ایک جھونکا ثابت ہوں گی،یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ان دو ٹیموں کی بڈنگ کے لئے بین الاقوامی فرمز سامنے آئیں ؛ اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں، پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ کے عمل میں جس طرح سے ملکی و بین الاقوامی فرمز نے دلچسپی دکھائی اس سے بین الاقوامی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔