وزیراعظم کا مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی پر خراج عقیدت

وزیراعظم کا مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی پر خراج عقیدت
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر ملت کی قیام پاکستان، بانی پاکستان اور تعمیر پاکستان کے لئے عظیم خدمات پر انہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ، محترمہ فاطمہ جناح، قائداعظم محمد علی جناح کی بہن ہی نہیں، بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا، قائداعظم کی زندگی کے آخری 19 برس محترمہ فاطمہ جناح لمحہ بہ لمحہ اپنے بھائی کے ساتھ رہیں، محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے عظیم بھائی کے ساتھ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد شدید علیل قائد کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا ، اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انھوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھال لیا، انہوں نے خواتین کو تحریک پاکستان میں متحرک ومنظم کرنے اور سیاسی جوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کا حوصلہ، ہمت اور راہنمائی فرمائی، قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی ، اللہ تعالیٰ مادر ملت کے درجات بلند فرمائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔