خیبرپختونخوا میں امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
کیپشن: خیبرپختونخوا میں امن کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت جلد ایک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کی جائے گی۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جو شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر اور عوام کی مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے حکومتی نمائندوں پر مشتمل ایک وفد بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، جو مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عوامی آراء کو مزید منظم انداز میں اکٹھا کرے گا۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر تمام جماعتوں کو امن کے ایجنڈے پر متحد ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے اگر ایک زبان ہو کر بات کریں تو دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مستقل امن صرف باہمی مشاورت، متفقہ فیصلوں اور ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔

اس سلسلے میں ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ اے پی سی کے لیے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے جلد ارسال کیے جائیں گے۔

Watch Live Public News