مزاحمت مسترد،پرویزالٰہی کا مفاہمت اپنانے کا مشورہ

مزاحمت مسترد،پرویزالٰہی کا مفاہمت اپنانے کا مشورہ
کیپشن: مزاحمت مسترد،پرویزالٰہی کا مفاہمت اپنانے کا مشورہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سیاسی معاملات میں مفاہمت ہی بہترین راستہ ہے، اور مزاحمت کے بعد بالآخر یہی حل نکلتا ہے۔

پرویز الٰہی احتساب عدالت میں جنگلات اراضی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر پیش ہوئے، جہاں انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں کہ پی ٹی آئی کے لیے مذاکرات بہتر ہیں یا احتجاج، پرویز الٰہی نے کہا: "پہلے مزاحمت ہوتی ہے، پھر مفاہمت آتی ہے، لیکن بہتر مفاہمت ہی ہوتی ہے۔ مذاکرات سے بہتری کی راہ نکلتی ہے اور ہمیں امید رکھنی چاہیے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے مذاکرات کے لیے خط بھی لکھا، لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اب دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔

صحافیوں نے ان سے صدر آصف علی زرداری کو ہٹانے سے متعلق افواہوں اور 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق بھی سوال کیا، جس پر پرویز الٰہی نے مسکراتے ہوئے کہا: "یہ تو میں نے صرف آپ سے ہی سنا ہے۔"

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حال ہی میں کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

Watch Live Public News