ویب ڈیسک: جمہوریہ ترکی کے وزیر دفاع جناب یاشار گلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال، جاری دفاعی تعاون کی پیش رفت اور مستقبل میں جنگی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ان مشترکہ اہداف اور اسٹریٹیجک ہم آہنگی پر روشنی ڈالی جو دونوں ممالک کو یکجا کرتے ہیں۔ انہوں نے ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور جدید تربیتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں پیشرفت کو تیز اور منظم بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی جانب سے دی جانے والی گرم جوشی اور شاندار مہمان نوازی پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور قومی خودمختاری کے دفاع میں اس کے عزم و جذبے کو سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور ترکی ان تعلقات کو دفاعی صنعتوں کی سطح پر گہرائی دینے کا خواہاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے خاص طور پر ڈِسٹرپٹیو ٹیکنالوجیز، جدید ایویونکس، اور بغیر پائلٹ فضائی نظام (UAS) جیسے جدید شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کو اجاگر کیا۔ ترک وزیر دفاع نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کے تعاون کو بھی سراہا اور اُسے دونوں فضائی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ ترقی اور آپریشنل فہم کو بڑھانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تربیتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ و کثیرالملکی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر دفاع کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے مابین اسٹریٹیجک تعاون کو فروغ دینے، دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔