ویب ڈیسک: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے معروف اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ تقریباً سات سال بعد سناتے ہوئے مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو افراد کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر دو مرتبہ سزائے موت سنا دی۔
عدالت نے مفرور شریک ملزم عادل زمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔
استغاثہ کے مطابق مرید عباس اور خضر حیات کو 9 جولائی 2019 کو کاروباری لین دین کے تنازع پر قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ ملزمان عاطف زمان اور عادل زمان کے خلاف تھانہ درخشاں میں درج کیا گیا تھا۔
پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ عاطف زمان اور اس کے بھائی عادل زمان نے مالی معاملات کے تنازع پر دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
استغاثہ کے مطابق سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد عادل زمان فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد ٹرائل کورٹ نے اسے اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے اب مفرور ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔