ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ آج نیویارک میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آئر لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کیلئے پاکستانی ٹیم کے 11 کھلاڑی فائنل کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے،عماد وسیم کو اعظم خان کی جگہ ٹیم میں جگہ ملے گی۔پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف چار فاسٹ بولرز ، دو آل راؤنڈرز، اسپنرز کیساتھ میدان میں اترے گی۔
ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور کوچ گیری کرسٹن کا اعظم خان پر سے اعتماد اُٹھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل اعظم خان کو ٹیم کی نیٹ پریکٹس میں ایک گیند بھی کھیلنے کو نہ مل سکی، وہ پریکٹس کے دوران تنہا کھٹرے رہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان ، عثمان خان، فخر زمان ، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین آفریدی ،حارث رؤف ، محمد عامر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔