ویب ڈیسک: حکومت نے مالی سال 2025- 26 کے وفاقی بجٹ میں وزارت دفاع کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 ارب 55 کروڑ روپے مختص کر دیے ہیں۔ یہ فنڈز 22 جاری منصوبوں کے تسلسل اور نئے منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترقیاتی بجٹ کے نمایاں نکات درج ذیل ہیں:۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ہائیڈرو میٹ منصوبے کو جدید بنانے کیلئے 2 ارب 89 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کسانہ ڈیم کی تعمیر پر 20 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
ملتان اور سکھر میں موسم کی پیشگوئی کیلئے جدید ریڈارز کی تنصیب کیلئے 12 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
اے ایس ایف اکیڈمی کراچی کی اپگریڈیشن کیلئے 1 کروڑ 60 لاکھ اور فیصل آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی رہائش کیلئے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کا استعمال بھی شامل کیا ہے۔ زرعی اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں اے آئی کے نفاذ کیلئے 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1 ارب 93 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ڈورنز کی خریداری اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 13 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔