(ویب ڈیسک ) چیئرمین پیپلزپارٹی اور حکومت وفد کے سربراہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس پانی روکنےکی صلاحیت ہی نہیں ہے، پانی ہماری ناگزیرضرورت ،اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے برطانوی نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت یکطرفہ طورپرسندھ طاس معاہدے کو معطل یاختم نہیں کرسکتا ،سندھ طاس معاہدےکی معطلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پانی روکنا اعلان جنگ تصورہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دارایٹمی ریاست ہے، پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اورسفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی بات کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی ہماری ناگزیرضرورت ہے، اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بھارت کے پاس پانی روکنےکی صلاحیت ہی نہیں ہے، دونوں جوہری ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے کوئی میکنزم موجود نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صدرٹرمپ کو سیز فائر کا کریڈٹ جاتا ہے، صدرٹرمپ کا جنگ بندی کے حوالے سے کردار لائق تحسین ہے۔ بھارت کےساتھ کشمیرسمیت تمام مسائل پرمذاکرات چاہتےہیں، تمام مسائل کا حل کشمیر سے ہو کر نکلتا ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بھارت نے بغیر شواہد پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پرعائد کردیا، ہم نے پہلگام پرغیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔