راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی اوپنرز کی سینچریاں رائیگاں، میچ ڈرا

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی اوپنرز کی سینچریاں رائیگاں، میچ ڈرا
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوبیس سال بعد ہونے والا تاریخی ٹیسٹ میچ، ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی صرف ایک بار بیٹنگ آئی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں اور آخری دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز سات وکٹ پر 449 رنز سے آگے بڑھائی۔ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کی نپی تلی بالنگ کے سامنے مہمان بلے باز جلد ہی پویلین لوٹ گئے اور پوری ٹیم اسکور میں صرف 10 رنز کا اضافہ کرکے 459 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1501167692304244740?s=20&t=oirpH622iFDLJ_FZVV4rsQ آسٹریلیا کے ٹاپ چار بلے بازوں کے سوا کوئی بھی بیٹسمین 50 کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔ کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن میں سے دو کو نعمان علی، اور ایک کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے 107 رنز دے کر 6 وکٹیں لینے والے نعمان علی سب سے کامیاب بالر تھے، یہ ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی تھی، شاہین شاہ آفریدی دو جب کہ ساجد خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1501166170828947457?s=20&t=oirpH622iFDLJ_FZVV4rsQ پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 17 رنز کی برتری کے ساتھ کیا، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پہلے تیز کھیلنے کی کوشش کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد دونوں نےویسی ہی بیٹنگ کی، جیسے پچھلی اننگز میں کی تھی۔ اپنے تیسرے ٹیسٹ میچ میں عبداللہ شفیق نے کریئر کی پہلی سینچری بنا کر اوپننگ پوزیشن پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ انہوں نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 183 گیندوں پر سینچری مکمل کی۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1501165768154783750?s=20&t=oirpH622iFDLJ_FZVV4rsQ امام الحق نے اپنے کریئر کی دوسری سینچری کے لیے 179 گیندوں کا سامنا کیا اور سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ناقابلِ شکست 252 رنز جوڑے۔ جب پانچویں اور آخری دن کھیل ختم کیا گیا تو پاکستان کو 269رنز کی برتری حاصل تھی، دونوں اننگز میں سینچریاں بنانے پر امام الحق کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1501156985579974657?s=20&t=oirpH622iFDLJ_FZVV4rsQ پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں دونوں اوپنرز کی سینچریاں بنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل 1997 میں عامر سہیل اور اعجاز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف، 2001 میں سعید انور اور توفیق عمر نے بنگلا دیش کے مقابل اور 2019 میں شان مسعود اور عابد علی سری لنکا کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کو اس ڈرا میچ کے اختتام پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چار چار پوائنٹس ملے۔ سیریز کا دوسرا میچ 12 مارچ سے کراچی اور تیسرا 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ https://twitter.com/TheRealPCB/status/1501123049617338368?s=20&t=oirpH622iFDLJ_FZVV4rsQ

Watch Live Public News