صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں طلب کر لیں۔ شہباز شریف نے پارٹی صدر کے طور پر جمعرات کو یہ ہدایات جاری کیں۔ صدر شہباز شریف نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں امیدوراں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کی پارلیمانی بورڈز کو بھی ہدایت کی ہے۔ پارٹی صدر نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے صوبہ پنجاب میں کاغذات نامزدگی کے لئے 12 مارچ کی آخری تاریخ کا اعلان ہونے کے پیش نظر اپنے اپنے حلقوں میں کاغذات جمع کرائیں۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے امیدواروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا نام لے کر انتخابی میدان میں اترنے کی تیاری کریں۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان اور عوام کی خدمت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کی راہنمائی میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، اب بھی سرخرو ہوں گے۔ مہنگائی میں کمی، دہشت گردی کا خاتمہ، عوام کے لئے بہترین سفری سہولیات قائد نواز شریف اور ان کی جماعت کی پہچان ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ جیسے بجلی کے اندھیروں کو مٹایا، پاکستان کو معاشی قوت بنایا، ایک بار پھر یہ منزل حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع دئیے، لیپ ٹاپ، وظائف دئیے، یہ سفر آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی تباہی، مہنگائی اور مسائل کے عذاب میں مبتلا کرنے والوں کو عوام جانتے اور پہچانتے ہیں۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم چلانے کے لئے حکمت عملی کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ انتخابی امیدواروں کو درخواستیں جمع کروانے کے لئے 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔