ویب ڈیسک: بھارت کے اوپنر اور وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا۔
نریندر مودی اسٹیڈیم، احمدآباد میں کھیلے جانے والے میچ میں سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر بھارت کو نیوزی لینڈ کے خلاف 256 رنز کا ہدف دیا، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔
سنجو سیمسن نے اپنی اننگ میں 8 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ یہ ان کی مسلسل تیسری نصف سنچری ہے، اس سے قبل انہوں نے سپر 8 میں ویسٹ انڈیز اور سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف نصف سنچری بنائی تھی۔
آج کی نصف سنچری کے ساتھ سیمسن آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں نصف سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے، اس فہرست میں صرف شاہد آفریدی (2009) اور ویرات کوہلی (2014) شامل تھے۔
مزید برآں، سیمسن 89 رنز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے، اس سے پہلے یہ ریکارڈ مارلن سیموئلز (85 رنز، 2016) اور کین ولیمسن (85 رنز، 2021) کے نام تھا۔