ریاض (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی پرزور مذمت کی ہے ،فلسطینیوں کو ظلم کرکے بےدخل کرنےکا کوئی اخلاقی، سیاسی جواز نہیں بنتا،ستائیسویں کی شب مسجد میں عبادت میں مشغول نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ٗفلسطینیوں پر ظلم و ستم کسی صورت قابل قبول نہیں ٗفلسطینیوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں، پاکستان، فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے ٗپاکستان، فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار ہے ۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے، ہمیشہ واضح اور ٹھوس موقف اختیار کیا ہے ٗمجھے خوشی ہے کہ عرب لیگ نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے ٗ میں سمجھتا ہوں کہ عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم امہ کو مل کر اس بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور انسانی حقوق کے علمبردار، مغربی ممالک کی توجہ اس جانب مبذول کروانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا ٹرینڈ بڑھتا جارہاہے اس کا حل تلاش کرنا ہوگا،حضورﷺ کی شان میں گستاخی کے واقعات، پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں ،حضورﷺ کی شان میں گستاخی، کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے، جو عناصر نفرت کے بیچ بو رہے ہیں ہمیں مل کر ان کا سدباب کرناہو گا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، ایران ،ترکی ، انڈونیشین حکام کو اس معاملے پراعتماد میں لیا، مسلم ممالک کو ملکر اوآئی سی کے فورم سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی ،وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کو نئی جہت اور وسعت ملی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے درمیان ادارہ جاتی میکنزم کے قیام کا فیصلہ ہوا ہے ٗپاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع کھلیں گے ٗعید الفطر کے بعد سعودی حکام کا ایک وفد اس حوالے سے "اسٹرکچرڈ مذاکرات" کیلئے پاکستان آئے گا ٗاس کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان تشریف لائیں گے ۔