ملک سے بغاوت اور دشمنی کرنیوالے سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وزیر اعظم 

ملک سے بغاوت اور دشمنی کرنیوالے سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا ہے کہ  ملک سے بغاوت اور دشمنی کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے، 9 مئی کو شہداء کے ورثا کی دل آزاری، قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی منظم منصوبہ بندی کی گئی، ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہونے دیں گے۔

شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کے ورثا کے درمیان ہونا فخر کی بات ہے، شہداء نے دلیری اور جرأت کے ساتھ وطن عزیز کی حفاظت اور قوم کے بچوں کیلئے راتوں کو سرحدوں پر پہرے دیئے اور رات میں سونے والے لاکھوں بچوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، انہوں نے اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، آپ کی عظمت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، آپ کی جرأت و بہادری کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  میجر منیب افضل شہید کے والد نے اپنے بیٹے، مسز کرنل عابد شہید نے کوئٹہ میں اپنے خاوند کی شہادت، مسز میجر اکبر اعوان اور دیگر شہداء کے ورثا نے ان کی جرأت و کردار کی تاریخ بیان کی کہ انہوں نے کس طرح دشمن کا مقابلہ کیا، انہیں جہنم رسید کیا، اﷲ تعالیٰ کو ان جوانوں کی شہادت منظور تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں، انہوں نے اپنے خون سے ملک کی حفاظت کی، پوری قوم آج اپنے شہداء اور غازیوں کو ایسے الفاظ میں یاد کر رہی ہے جو سنہری حروف میں بھی لکھے جائیں تو ان کی داستان کی تاریخ بیان نہیں کر سکتے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ان شہداء اور غازیوں نے دشمن کے دانت کئی بار کھٹے کئے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں دشمن نے ایک مرتبہ پھر چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کے ہوا بازوں نے ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر وہ جواب دیا جس سے انہیں آئندہ ایسی حرکت کرنے کی جرأت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ   9 مئی کے سانحہ میں جن لوگوں کا کوئی کردار نہیں انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکے گا، 9 مئی 2023ء کو ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی، ملک میں تقسیم در تقسیم کی گھٹیا حرکت کی گئی، افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی مذموم حرکت کی گئی، بغاوت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، منظم منصوبہ سازی کی گئی، ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی تاکہ رہتی دنیا تک کوئی ایسا سوچنے کی جرأت نہ کر سکے۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ   شہداء کے ورثا اطمینان رکھیں سانحہ 9 مئی میں ملوث کرداروں کے خلاف قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، دوست بن کر ملک دشمنی کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔ 9 مئی کے دن ہمارے شہداء کے اہلخانہ کے دل پر قیامت گزری، ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور آج یہ عہد کرتے ہیں کہ جس طرح 9 مئی کو آپ کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  یہ دن ملکی تاریخ میں کبھی نہیں آئے گا، 9 مئی کو ہر محب وطن کی آنکھ اشکبار تھی، دوست نما دشمن کا دل سرشار تھا، حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں نے آج تک ریاست، قوم حتیٰ کہ شہداء کے اہلخانہ تک سے معافی نہیں مانگی، یہ ثبوت اور گواہی ہے کہ یہ سیاسی عمل نہیں بلکہ بغاوت کا منظم منصوبہ تھا، وعدہ کرتا ہوں کہ افواج پاکستان شہداء کے ورثا کی خوشحالی، بچوں کے علاج اور تعلیم کیلئے شاندار اقدامات میں حکومت ہر طرح سے شریک ہوں گی، قانون اور انصاف اپنا راستہ اپنائے گا۔

Watch Live Public News