ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلہ دیش نے منشیات کی اسمگلنگ روکنے اور سیکیورٹی تعاون مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پیشرفت دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
پاکستان کے وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سیکریٹری سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ گروپ کا مقصد منشیات کی ترسیل روکنے، اسمگلنگ نیٹ ورکس ختم کرنے، اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے میں انسداد منشیات اداروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہترین تجربات کے تبادلے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم، منظم جرائم اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستانی وزیر داخلہ نے بنگلہ دیش کے لیے سیف سٹی منصوبے میں مکمل تعاون کی پیشکش کی اور اپنے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2024 کے بعد سے اسلام آباد اور ڈھاکا کے تعلقات میں بہتری دیکھی جا رہی ہے اور دونوں ممالک کے تجارتی و سفارتی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔