لاہور: شاعر مشرق ، حکیم الامت، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 146 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، آپ کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ تفصیلات کے مطابق مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، پنجاب رینجرز کی جگہ پاک بحریہ کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔امیر البحر نوید اشرف کی جانب سے مزار پر پھول چڑھائے گئے۔فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ نیوی کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور ساجد حسین مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ یوم اقبال پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہے۔ شاعر مشرق، مفکرپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کوسیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اوربعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ انہوں نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پرمنتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا، سیاستدان کی حیثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کی قیام کی بنیاد بھی بنا۔ حکیم الامت کا لقب پانے والے علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا، قوم کو بیداری کا سبق دیا، علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو یک جہتی کا پیغام دیا۔ علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی،آپ کو نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اورعقاب جیسے القابات سے بھی پکارا تھا ۔ مصورپاکستان علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جاملے، انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔