علامہ اقبال کا 147 واں یوم ولادت ، مزاراقبال پرگارڈزتبدیلی کی پروقارتقریب

علامہ اقبال کا 147 واں یوم ولادت ، مزاراقبال پرگارڈزتبدیلی کی پروقارتقریب
کیپشن: علامہ اقبال کا 147 واں یوم ولادت ، مزاراقبال پرگارڈزتبدیلی کی پروقارتقریب

ویب ڈیسک:مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 147 واں یومِ ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکیم الامت کا لقب پانے والے علامہ اقبالؒ نے نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا، قوم کو بیداری کا سبق دیا، علامہ اقبالؒ نے الگ وطن کا خاکہ پیش کیا، آپ کی تعلیمات اور قائد اعظمؒ کی ان تھک کوششوں سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

زندگی کا شاید ہی کوئی ایسا شعبہ ہو جسے علامہ اقبالؒ نے متاثر نہ کیا ہوا، ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پر قوم ہمیشہ آپ کی احسان مند رہے گی۔

علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، ریئر ایڈمرل اظہر محمود گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا ۔

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزار پر اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہوگیا۔گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

دوسری جانب  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان مزار اقبال پر پہنچ گئے،پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی دی گئی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان  کی جانب سے حکیم الامت علامہ اقبال کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

علامہ اقبال کے یومِ ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر علامہ کی جائے پیدائش اقبال منزل کو خوب سجایا گیا ہے۔

Watch Live Public News