پی ٹی آئی کاصوابی میں پاور شو،امریکی جھنڈالہرانےپرکارکن اورانتظامیہ میں جھگڑا

پی ٹی آئی کاصوابی میں پاور شو،امریکی جھنڈالہرانےپرکارکن اورانتظامیہ میں جھگڑا
کیپشن: پی ٹی آئی کاصوابی میں پاور شو،قافلے رواں دواں

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف آج صوابی میں پاور شو کرے گی۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے بھی ہر صورت جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی رکاوٹ نہیں روک سکتی، میانوالی سے قافلےکی صورت میں جلسہ گاہ میں شرکت کروں گا۔اس دوران جلسہ گاہ میں ایک کارکن نے امریکی جھنڈا لہرا دیا، جس پر کارکنان اور انتظامیہ آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جلسے کے لیے صوابی ، مردان ،نوشہرہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن لانے کا ٹاسک دیاگیا جبکہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو 5، 5سو افراد لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف صوابی میں پاور شو کرنے جارہی ہے، جس کے لیے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں کرسیاں اور لائٹس لگادی گئی ہیں۔قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے،شہر اور ملحقہ علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکن موٹروے ٹول پلازہ پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں،پی ٹی آئی خواتین ونگ بھی موٹروے ٹول پلازہ پہنچ گئیں۔ صوابی جلسے میں شرکت کے لیے کارکنوں کی بڑی تعداد موٹروے سے روانہ  ہوگئی،کارکنوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے نعروں کے بینرز اٹھا رکھے ہیں۔

صوابی جلسہ گاہ کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے دھرنا دیے جانے کا بھی امکان ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب مارچ نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورصوابی جلسہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جو پشاورسے براستہ موٹروے صوابی پہنچیں گے۔

موٹر وے انٹرچینج صوابی کے مقام پر منعقدہونے والے جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علاوہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر،اسد قیصر ، عمر ایوب اوردیگر قائدین بھی خطاب کریں گے ۔ 

جلسے میں امریکی جھنڈے کی انٹری

جلسے میں ایک کارکن امریکی جھنڈا لے کر پہنچ گیا، کارکنان نے جلسے میں امریکہ کا جھنڈا لہرایا تو انتظامیہ اور کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، انتظامیہ نے کارکن سے امریکی جھنڈا چیھن لیا جبکہ پولیس نے کارکن کو حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ 

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ صوابی جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی طرف سے آنے والے راستوں کو کنٹینر سے بند کیا ہوا ہے۔ پنجاب کے لوگوں کو جلسے میں شرکت سے روکنے کی کوشیش کی جا رہی ہیں۔ کے پی قیادت میں جلسہ منعقد کیا گیا ہے، پنجاب کے لوگ مہمان ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آج صرف ایک ہی دن کا جلسہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی جدوجہد آخری مراحل میں ہے۔آج کے جلسے میں لیڈ شپ موجود ہو گی۔ دیکھنا چاہتے ہیں کتنے عوام  آتے ہیں۔ جلسے میں قرار داد پیش کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز 

 صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صوابی پہنچ گئے ہیں، کچھ جانے کی تیاری کر رہے ہیں، لاہورکی قیادت ہرصورت صوابی نکلے گی۔

صوابی جلسہ،راولپنڈی اور اٹک پولیس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےالرٹ 

دوسری جانب تحریک انصاف کے صوابی میں جلسے کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے، راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

 سینٹرل پولیس آفس لاہور کی جانب سے چار اضلاع کے ڈی پی اوز سمیت پنجاب کانسٹیبلری اور ہائی وے پیڑولنگ پولیس کی ڈیڑھ ہزار پولیس فورس کو آر پی او راولپنڈی کے حوالے کردیا گیا ہے، سینٹرل پولیس آفس نے فورس کو آر پی او راولپنڈی کی ڈسپوزل دینے کا مراسلہ بھی جاری کردیا۔

ڈی پی اور اٹک، چکوال، گجرات، منڈی بہاء الدین کو 200، 200 کی نفری کے ساتھ فوری طور پر راولپنڈی رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جب کہ پنجاب کانسٹیبلری کی 500 اور پنجاب ہائی وے پیڑولنگ کی 200 نفری کو بھی راولپنڈی اور اٹک رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 تمام ڈی پی اوز اور فورس آر پی او راولپنڈی کی صوابدید پر منحصر ہوگی، آر پی او یا ان کی جانب سے مجاز آفیسر فورس کی تعیناتی کرسکیں گے۔

مراسلے کے مطابق تمام فورسز فسادات سے نمٹنے کے لیے ضروری آنسو گیس شیلز اور دیگر اینٹی رائیٹ آلات سے لیس ہوں گی، فیول اور فورس کی ٹرانسپورٹیشن، کھانے و رہائش کے انتظامات کی ذمہ داری بھی سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ذمہ ہوگی۔

دفعہ 144 نافذ

راولپنڈی شہر میں بھی 8 سے 10 نومبرتک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت جلسے جلوس، ریلی اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔اس حوالے سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش پر بھی سخت پابندی عائد کردی گئی ہے۔

Watch Live Public News