ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کیا ہے کہ کپتان بابر اعظم آؤٹ آف فارم نہیں ہیں بلکہ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں وہ بہترین ٹچ میں نظر آئے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بدقسمتی سے بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے، جس کا تعلق فارم سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر نے دباؤ کو بہترین انداز میں ہینڈل کیا، اور امید ہے کہ وہ آنے والی سیریز میں بڑی اننگز کھیلیں گے۔
ہیڈ کوچ نے ٹیم کی کامیابی کا کریڈٹ کپتان شاہین شاہ آفریدی کو دیتے ہوئے کہا کہ شاہین نے حالات کو سمجھ کر بولنگ میں مؤثر تبدیلیاں کیں اور شاندار قیادت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں تبدیلی کی گئی ہے، حسن نواز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے موقع دیا جا رہا ہے جبکہ عبدالصمد کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
مائیک ہیسن کے مطابق عبدالصمد ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔