ویب ڈیسک: یوکرین پر روسی حملوں میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق، روس نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ڈرونز اور میزائلوں سے شدید بمباری کی، جس میں 2 جوہری پاور پلانٹس کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ انڈری سیبیہا نے سوشل میڈیا پر کہا کہ روس نے خمیل نیتسکی اور ریونی جوہری بجلی گھروں کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشنز کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے اور روس یورپ میں جوہری تحفظ کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق، روس نے 450 سے زائد ڈرونز اور 45 میزائل داغے، جن میں سے 9 میزائل اور 406 ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ روسی حملوں سے خارکیف اور کیف میں توانائی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
دنیپرو شہر میں ایک رہائشی عمارت پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔ زپوریژا کے جنوب مشرقی علاقے میں 3 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ خارکیف کے شمالی علاقے میں ایک شخص کی موت ہوئی۔
روس کی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملے یوکرین کی جانب سے روسی علاقوں پر کیے گئے حملوں کے ردِعمل میں کیے گئے۔ وزارت کے مطابق، روس نے اعلیٰ درستگی والے فضائی، زمینی اور بحری ہتھیاروں سے حملے کیے ہیں۔