ویب ڈیسک: راولپنڈی کی مقامی عدالت نے اینکر پرسن رابعہ احسن قتل کیس میں گرفتار ان کے شوہر احسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس نے ملزم کو ایریا مجسٹریٹ طلعت وحید کی عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے 2 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
رابعہ احسن کو ایک روز قبل گلشن آباد میں واقع گھر میں گولی لگنے سے موت ہوئی تھی۔ سٹی پولیس آفیسر حسن سکھیرا کے مطابق انہیں گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ واقعے کے بعد رابعہ کے بھائی کی درخواست پر ان کے شوہر کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں قتل کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 2-A شامل کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گھر میں موجود ایک ملازم نے بتایا کہ رابعہ کے شوہر نے دعویٰ کیا تھا کہ گولی حادثاتی طور پر چلی۔
دوسری جانب خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے رابعہ احسن کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔