راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے ژوب کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر سید علی رضا شہید ہوئے، میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہمارے بہادر جوانوں کی مقروض اور فخر کرتی ہیں، مادر وطن کے لیے ان کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔