ویب ڈیسک: چین کے وزیراعظم لی کیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا، آئندہ ہفتے دو بڑی جوہری اور ویٹو طاقتوں کے وزرائے اعظم پاکستان آئیں گے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ 14 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان پہنچے گا, چین کے وزیراعظم کا تین روزہ دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا، دورے کے پہلے دو طرفہ حصے میں چینی وزیراعظم کی وزیراعظم شہباز شریف سےملاقات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ پاکستانی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
ذرائع نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کی پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات متوقع ہے، ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، سی پیک نئے منصوبوں ، چینی باشندوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیرغور آئیں گے۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ دورے کا دوسرا حصہ 15 اکتوبر سے کثیر الجہتی دورے پر مشتمل ہوگا،چینی وزیراعظم 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان اجلاس میں شرکت کریں گے ، 11سال بعد کسی بھی چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ہوگا، ان کے دورے پر دونوں ممالک کے دوران متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ روسی فیڈریشن کے وزیراعظم کی بھی 14 اکتوبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہیں ، وہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے,روسی وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کے ہمراہ ایک وفدبھی پاکستان پہنچے گا جبکہ روسی صحافیوں کی بڑی تعداد بھی پاکستان پہنچے گی۔
دورہ پاکستان میں روسی وزیراعظم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی، میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن دیگر اعلیٰ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ روسی وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی 15-16 اکتوبر کو ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔