(ویب ڈیسک ) بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت پی ٹی ایم کو کالعدم قرار دیا ہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پی ٹی ایم ریاست اور آئین مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے،قانون کے تحت کالعدم تنظیم کو کسی سیاسی اجتماع یا جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر میں پی ٹی ایم کے اجتماع کے اعلان کے بعد دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، آج کالعدم تنظیم نے اجتماع کی کوشش کی، پولیس سے تصادم اور ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے فوری طور پر ضلع خیبر کے منتخب اراخین اسمبلی کو طلب کیا، ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قبائلی عمائدین اور فریقین سے مسئلے کے پرامن حل کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں، صوبائی حکومت امن و عامہ کی صورتحال کنٹرول میں رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں رہنے والے تمام لوگوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ کی کوشش ہے کہ اپنی نگرانی میں معاملات کو جرگے کے پلیٹ فارم سے حل کیا جائے، وزیراعلیٰ کی درخواست پر تمام فریقین کو جرگے میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔