حکومت کا کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھر بنانے کے منصوبے کا اعلان

حکومت کا کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھر بنانے کے منصوبے کا اعلان
کیپشن: حکومت کا کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھر بنانے کے منصوبے کا اعلان

 ویب ڈیسک: کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھر بنانے کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو آسان اقساط میں مکانات کی ملکیت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے 57 ہزار کم لاگت گھر بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سکیم کے تحت شہریوں کو آسان اقساط میں مکانات کی ملکیت دی جائے گی۔

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ معیاری اور سستے مکانات کی فراہمی کے لیے شروع کیا گیا ہے جسے محکمہ ہاؤسنگ کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں پنجاب میں 41 منتخب مقامات پر 20 ہزار گھروں کی تعمیر شروع کی جائے گی جب کہ اس مقصد کے لیے سرکاری اراضی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے حوالے کر دی گئی ہے۔

منصوبے کے تحت 24 اضلاع میں مختلف ڈیزائن اور سائز کے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ جبکہ 16 اضلاع میں 250 اسکوائر فٹ کے سنگل منزلہ یونٹس بنائے جائیں گے، 5 اضلاع میں 530 اسکوائر فٹ کے تین منزلہ فلیٹس اور 3 اضلاع میں 550 اسکوائر فٹ کے چار منزلہ فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ نے مزید کہا کہ پانچ سالہ منصوبہ ماحول دوست طرز زندگی کیلئے شمسی توانائی کے نظام اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا۔

یہ منصوبہ عالمی بینک اور نجی شعبے کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی تعمیراتی معیارات، سہولیات کی فراہمی اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق سکیم کے ہر مرحلے پر معیار کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ رہائشیوں کو بنیادی سہولیات کے ساتھ بہتر زندگی کا ماحول فراہم کیا جائے گا۔

Watch Live Public News