(ویب ڈیسک ) بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن کی فلم 'جھنڈ' میں ’بابو چھیتری‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار پریانشو ٹھاکر کو ان کے دوست نے چھرا مارا، پتھر سے سر پر وار کیا، تار سے باندھا اور مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 21 سالہ پریانشو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح ناگپور کے علاقے نارا بستی میں پیش آیا، جہاں پریانشو کا دوست دھرو سہو ان کے گھر آیا اور دونوں علاقے کے ایک سنسان مقام پر چلے گئے۔ دونوں نے شراب نوشی کی اور اسی دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
دھروسہو نے پولیس کو بتایا کہ جھگڑے کے دوران پریانشو نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس پر غصے میں آکر اس نے چھرا گھونپا اور پتھر سے ان کے سر پر حملہ کیا۔ بعد ازاں اس نے پریانشو کو تار سے باندھ دیا تاکہ وہ پولیس یا اسپتال نہ جا سکیں، اور پھر موقع سے فرار ہوگیا۔
مقامی افراد نے اداکارپریانشو کو خون میں لت پت حالت میں پایا، ان کے جسم پر چاقو کے زخم اور سر پر چوٹ تھی۔ قریب ہی خون آلود پتھر بھی ملا۔
پریانشو کی بہن شلپا نے دھرو سہو کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر انسپکٹر ارون کشرساگر نے تصدیق کی کہ سہو نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ پریانشو ٹھاکر نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جھنڈ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا، جو این جی او ’سلم ساکر‘ کے بانی وجے بارسے کی زندگی پر مبنی ہے۔ فلم میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ تاہم، فلم کی ریلیز کے کچھ عرصے بعد پریانشو کو 5 لاکھ روپے کی چوری کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔