ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا

ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا
ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام یو اے ای میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کا فائنل میچ 11 ستمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ہیں۔ ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل ہفتہ کو آرام کا دن ہوگا جبکہ دونوں ٹیمیں فائنل میچ کے لئے بھرپور تیاری کریں گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کے لئے بیانات دیئے ہیں ، اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آئی لینڈرز کو داسن شاناکا لیڈ کریں گے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن 1984 میں متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے مقام پر منعقد ہوا جو بھارتی ٹیم نے اپنے نام کیا تھا۔ سری لنکا کی ٹیم کو سب سے زیادہ ایشیا کپ کے 14ایونٹس میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے جبکہ وہ حالیہ 15ویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پانچ مرتبہ ایشیا کپ ٹائٹلز جیت کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 2 مرتبہ 2000 اور 2012 کا ایشیا کپ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ سری لنکن ٹیم چھٹی مرتبہ اور پاکستان کی ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل کے حصول کے لئے 11 ستمبر کو نبرد آزما ہوں گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔