ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے برطانوی ہم منصب لز ٹرس کو تعزیتی خط لکھا ہے، ان خط میں وزیرِ اعظم نے لکھا کہ 'ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات پر آپ سے اور آپ کے توسط سے شاہی خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں'. تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے جو خط لکھا گیا ہے اس کا متن ہے کہ بحیثیت ملکہ، برطانیہ پر سب سے طویل مدت تک حکمرانی کرنے کے ساتھ ساتھ الزبتھ دوئم نے اس تمام عرصہ میں یونائیٹڈ کنگڈم اور دنیا بھر میں مثبت تبدیلیوں میں کلیدی کرداد ادا کیا ہے، ملکہ الزبتھ دوئم کے دولتِ مشترکہ کے لئے خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں یہ تنظیم دنیا کی سب سے بڑی آزاد ممالک کی تنظیم بن گئی. طویل عرصہ تک عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے خدمات کے باوجود ملکہ الزبتھ کی شخصیت اور ان کی موجودگی یونائیٹڈ کنگڈم اور دنیا بھر کے لوگوں کے لئے اتحاد اور اخوت کی طاقت کا نشان بنی، یونائیٹڈ کنگڈم اور دولتِ مشترکہ کی سربراہ کے طور پر پاکستانی عوام کے ملکہ الزبتھ کے لئے ہمیشہ احترام اور عزت کے جذبات رہے. دہائیوں پر محیط انکی حکومت کے دوران پاکستانی عوام اور ملکہ الزبتھ کے درمیان اس عزت و احترام کے رشتے میں مضبوطی میں اضافہ ہوا جبکہ مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی تمام تر ہمدردیاں برطانوی شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں.