ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے بجلی چوری پر قابو پانے اور زائد بلنگ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تھری فیز بجلی کے میٹرز کو جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے مطابق منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا جائے گا جس کے تحت ابتدا میں 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد پورے ملک میں اسمارٹ میٹرز کا استعمال لازمی ہو جائے گا، اس حوالے سے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کرے گی۔ یہ تنصیب باقاعدہ میٹر ریپلیسمنٹ آرڈر کے تحت کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسمارٹ میٹرز کے استعمال سے بجلی کے استعمال کی درست مانیٹرنگ اور بلنگ ممکن ہو سکے گی، جبکہ بجلی چوری میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) کو بڑے پیمانے پر تنصیب کے باعث اربوں روپے کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے۔