(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اور اپنی طرف سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے غیر قانونی حملے اور خوفناک بمباری، رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردی اور یکجہتی امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جارحیت کا یہ عمل سراسر بلاجواز ہے ، یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ پاکستان اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ریاست قطر اور فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور طریقے سے کھڑا ہے ۔