ویب ڈیسک: ایران نے آئل ٹینکروں کے خلاف تازہ امریکی کارروائی کے جواب میں میزائل حملے شروع کردیے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج میں 2 امریکی بحری جنگی جہازوں اور 8 آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ امریکی بحریہ کے 2 ڈسٹرائرز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں ایف-35 اور ایف-15 طیاروں کے ہینگرز شامل ہیں۔ ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ کارروائی امریکا سے انتقام لینے کے لیے کی گئی، جس کے نتیجے میں دشمن کو غیرمعمولی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب روسی میڈیا کے مطابق اردن میں امریکی دفاعی نظام ایرانی میزائل حملوں کو روکنے کے لیے فعال ہوگیا۔
اردنی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے 20 میزائل داغے گئے، جن میں سے 18 کو راستے میں روک لیا گیا، جبکہ 2 میزائل آبادی سے باہر گرے۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہازوں کو تباہ کردیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پاسدارانِ انقلاب نے 2 روز کے دوران 2 مرتبہ امریکی بحری جنگی جہاز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
ادھر ایرانی بحریہ نے کویت اور بحرین کی بندرگاہوں پر موجود ان تمام آئل ٹینکروں کے عملے کو انخلا کی وارننگ دی تھی، جہاں امریکی اہلکار موجود ہیں۔