ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
کیپشن: ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کی۔

عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ 

شہرِ قائدمیں نماز عید کی ادائیگی

امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے نمازِ عید مسجد ابراہیم نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ادا کی، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید الفطر قاری محمد سلیمی کی امامت میں ادا کی گئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب و دیگر نے پولو گراؤنڈ میں عید کی نماز ادا کی، یو اے ای کے قونصل جنرل بھی نماز کی ادائیگی کے لیے پولو گراؤنڈ پہنچے، اس دوران پولوگراؤنڈ اور اطراف میں سیکیورٹی الرٹ رہی، کراچی کے علاقے سبیل والی مسجد گرومندر میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔

آرٹلری میدان تھانے کے ایس ایچ او کا عید الفطر پر منفرد انداز

دوسری جانب آرٹلری میدان تھانے کے ایس ایچ او نے عید الفطر پر منفرد انداز اپنایا۔

ایس ایچ او نے اپنے تھانےکی حدود میں فرائض انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کو پھول پیش کیے، ایس ایچ او نے افسران اور اہلکاروں سے گلے مل کر عید کی مبارک باد بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ودیگر نے نماز عیدالفطر ماڈل سیکرٹریٹ میں ادا کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید کی نماز نواب شاہ اور بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں عید کی نماز ادا کی۔

لاہور میں نماز عید

مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں مفتی راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی، اس دوران ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں، مینار پاکستان میں علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے نمازِ عید پڑھائی۔

لاہور کے علاقے باغ جناح میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں ڈاکٹر عارف رشید نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

دوسری جانب لاہور کے علاقے منصورہ میں نماز عید جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پڑھائی۔

لاہور میں واقع مسجد داتا دربار میں بھی نمازِ عید الفطر کا اہتمام کیا گیا جہاں علامہ ریاض سیالوی نے عید کی نماز پڑھائی۔

لاہور کی گرینڈ مسجد بحریہ ٹاؤن میں بھی نماز عید ادا کی گئی جہاں چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نماز عید پڑھائی، عید کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس ہائی الرٹ ہے، عیدالفطر پر بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی پر معمور ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ 27 ہزار سے زائد مساجد، 775 کھلے مقامات پر سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، لاہور میں 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر عثمان انور کا ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں اور شہری ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کریں۔

پشاور میں نماز عید کا اہتمام

پشاور کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عید کی نماز ڈی آئی خان میں ادا کی جہاں ملک کی سلامتی اور خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پشاور میں نماز عیداالفطر مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی، چیف خطب خیبر پختونخوا مولانا طیب قریشی نے نماز عید پڑھائی۔

شہر کی دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سب نے خوشی کے پرمسرت موقع پر ملک کی ترقی، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

کوئٹہ میں نماز عید کے اجتماعات

بلوچستان کے شہر کوئٹہ کی جامع مساجد، عیدگاہوں سمیت 200 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ طوغی روڈ میں ہوا جہاں مرکزی خطیب مولانا انوارالحق حقانی نے نماز عید کی امامت کرائی۔

نمازِ عید الفطر کے اجتماعات کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا اہتمام کیا گیا تھا۔