ویب ڈیسک: سینئر لیگی رہنما اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف اپیل لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے اپیل پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ جسٹس چودھری محمد اقبال کی سربراہی میں بنچ نے فیصلے میں سنگل بنچ کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل خاتون اشبا کامران نے دائر کر رکھی تھی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئین پاکستان میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو غیر قانونی ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا، لاہور ہائیکورٹ اسحاق ڈار کی تقرری کالعدم قرار دے۔