ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کردی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کردی
کیپشن: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کردی

ویب ڈیسک: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورت حال سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بہتری کے باوجود معیشت کو متعدد خطرات کا سامنا بدستور برقرار ہے، تاہم مجموعی طور پر بحالی کا عمل جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی رواں مالی سال میں معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ شرح بڑھ کر 4.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

اے ڈی بی کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث مہنگائی اور معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ موجود ہے۔ مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 6.4 فیصد جبکہ مالی سال 2027 میں یہ 6.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔

بینک نے تیل اور گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو پاکستان کی معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونی معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے، جبکہ نجی سرمایہ کاری میں اضافہ معیشت کو سہارا دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تعمیراتی شعبے اور صنعت میں بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے محتاط مانیٹری پالیسی میں نرمی کا امکان بھی موجود ہے، جو معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دے سکتی ہے۔

Watch Live Public News