اسلام آباد(پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی نیشنل میڈیا ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب، کہامیڈیا کا منظر نامہ کافی حد تک وسعت اختیار کر چکا ہے، ماضی میں جنگیں طاقت کے زور پر لڑی جاتی تھیں، اب رائے عامہ کی جنگ لڑی جاتی ہے. وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ 25 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے،فیس بک اور گوگل نے پاکستان سے 7.5 ارب روپے کے اشتہارات کا بزنس کیا، رجحان بدل رہا ہے، میڈیا میں ٹیکنالوجی کے خلل کی وجہ سے بعض جگہوں پر ملازمتیں ختم ہوئیں اور کچھ نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 70 ہزار جانوں کی قربانیاں دیں لیکن آج تک اس پر کوئی کتاب نہیں لکھی گئی. ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا نکتہ نظر دنیا کے سامنے پیش کرنے اور میڈیا میں ترقی کے لئے ڈیجیٹل میڈیا پر توجہ دینا ہوگی،ملک میں موجود 42 جرنلزم سکولز میں 1960ءکا نصاب پڑھایا جا رہا ہے جبکہ بیرون دنیا میں لائٹس اور ساﺅنڈز میں لوگوں نے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، ہمارے پاس دور دور تک ایسے لوگ میسر نہیں، میڈیا کی ترقی کے لئے پہلی مرتبہ میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے، میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں اینی میشن، وژول افیکٹس، فلم سازی، کیمرہ ورک سمیت میڈیا کے مختلف شعبوں کے بارے میں تعلیم دی جائے گی. فواد چوہدری نے کہا میڈیا میں 1500 انٹرن شپس دی جائیں گی، پی ٹی وی کو ایچ ڈی اور ریڈیو کی نشریات انٹرنیٹ پر منتقل کر دی گئی ہیں، کیبل آپریٹرز کے لئے ڈیجیٹل کیبل پالیسی منظوری کی گئی ہے، کیبل آپریٹرز کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے صارفین کو ڈیجیٹل کیبل فراہم کر سکیں۔