لاہور: نگران پنجاب حکومت نے 13، 14 اگست صرف قومی پرچم لگانے اور لہرانے کی اجازت دی ہے جبکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت یوم آزادی پر امن وامان کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آئی جی کو پنجاب بھر میں یوم آزادی پر شرپسندوں کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ یوم آزادی کی رات فیملیز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کردی گئیں ۔ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی اور بد نظمی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، فیملز سے نازیبا حرکات کرنے والے شر پسندوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔اس کےعلاوہ ون ویلنگ کرنے والوں اور موٹرسائیکل میں آلٹریشن کرنے وا لے مکینک کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں نگران پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا کہ 13اور14اگست کو صرف اورصرف قومی پرچم لگانے اور لہرانے کی اجازت دی جائے گی، 13اور 14اگست کو کسی بھی سیاسی جماعت کو ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او، کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام نے شرکت کی۔