(ویب ڈیسک ) نارا کینال میں مگرمچھ کے حملے کا سنسنی خیز واقعہ، جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی کو مگرمچھ کے جبڑوں سے بچا کر مثال قائم کر دی۔
صالح پٹ کی آر ڈی 115 شاخ کے قریب پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات نے سب کو حیران کر دیا ہے۔گزشتہ روز 3 بچوں کی ماں خاتون نارا کینال کے کنارے کپڑے دھو رہی تھی جب ایک مگرمچھ نے اچانک حملہ کر دیا۔
مگر مچھ خاتون کو اپنے جبڑوں میں دبوچ کر نہر میں گھسیٹ کر لے گیا، تاہم خاتون کے شوہر حب علی ملاح نے بغیر کسی خوف کے فوری چھلانگ لگا دی اور مگرمچھ سے لڑ کر بیوی کو بچا لیا۔
اس حوالے سے شوہر کا کہنا تھا کہ "میری بیوی کی جان خطرے میں تھی، مجھے کوئی ڈر محسوس نہیں ہوا۔ میں نے فوراً چھلانگ لگا دی اور مگرمچھ سے بیوی کو کھینچ کر نکالا۔"
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کے حملے سے خاتون کی ٹانگ بری طرح زخمی ہوئی، جسے فوری طور پر سکھر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ خاتون اب زیرِ علاج ہے اور خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔