(ویب ڈیسک ) ارشد ندیم کے بعد بھارت کے نیرج چوپڑا بھی ڈائمنڈ لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے جیولن تھرو کے عالمی چیمپئن ارشد ندیم کے بعد بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے بھی 16 اگست کو پولینڈ میں ہونے والی سیلیسیا ڈائمنڈ لیگ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقابلہ پیرس 2024 اولمپکس کے بعد دونوں حریفوں کے درمیان پہلا ٹاکرا ہونا تھا، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔
ارشد ندیم نے حال ہی میں اپنی پنڈلی کی سرجری کروائی ہے اور وہ اس وقت انگلینڈ میں بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی چوٹ نئی اور سنگین نوعیت کی ہے، جس کے باعث انہیں مکمل صحتیابی تک کسی بھی مقابلے میں شرکت سے منع کیا گیا ہے۔
نیرج چوپڑا نے اپنی ایڈکٹر (ران) کی چوٹ کی وجہ سے ڈائمنڈ لیگ سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ وہ اس وقت اپنی ٹریننگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں تاکہ اپنی صحت کو بہتر بنا سکیں اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے تیاری کر سکیں۔