ویب ڈیسک: ایران کے پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضائی کو ملک کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نیا سیکریٹری اور سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا نمائندہ مقرر کردیا گیا۔
محسن رضائی نے محمد باقر ذوالقدر کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے، جنہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سپریم لیڈر کا سیاسی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ 71 سالہ محسن رضائی 1981 سے 1997 تک پاسداران کے کمانڈر رہے اور ایران عراق جنگ کے بیشتر عرصے میں فورس کی قیادت کی۔ بعد ازاں وہ مختلف اعلیٰ سیاسی اور حکومتی عہدوں پر فائز رہے اور سپریم لیڈر کے عسکری مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
محسن رضائی حالیہ عرصے میں آبنائے ہرمز کی اہمیت پر بھی متعدد بیانات دے چکے ہیں۔ ان کی تقرری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات بھی اہم مرحلے میں ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان قومی سلامتی کونسل کے سربراہ ہیں، جبکہ سیکرٹری کونسل کے روزمرہ امور اور پالیسی رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔