(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سہ ملکی دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اورترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ ہوا،تینوں ملکوں کے درمیان یہ معاہدہ خطے میں امن،سلامتی اور خوشحالی کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون موجود ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود تعاون کا تسلسل ہے۔
انہوں نے سہ فریقی معاہدے کے لیے نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سہ ملکی دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت نہیں۔تینوں ملکوں کے درمیان معاہدے کیلئے کوششیں پایہ تکمیل کو پہنچیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہنگو،سوات اور دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وطن عزیز سے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہوگا۔
وزیراعظم نے سیاسی رہنما اقبال چنڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اقبال چنڑ مشکل وقت میں ن لیگ کے چٹان کی طرح کھڑے رہے۔