ٹرمپ کا یوکرین میں انتخابات کروانےکا مشورہ، زیلنسکی نے سیکیورٹی ضمانت مانگ لی

ٹرمپ کا یوکرین میں انتخابات کروانےکا مشورہ، زیلنسکی نے سیکیورٹی ضمانت مانگ لی
کیپشن: ٹرمپ کا یوکرین میں انتخابات کروانےکا مشورہ، زیلنسکی نے سیکیورٹی ضمانت مانگ لی

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بڑھتے دباؤ کے بعد یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ملک میں انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

زیلنسکی کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادی ملک کی سیکیورٹی کی مناسب ضمانت فراہم کریں تو وہ آئندہ 60 سے 90 روز کے اندر انتخابات منعقد کرنے کیلئے تیار ہیں۔

یوکرینی صدر نے بتایا کہ وہ جلد ہی امن منصوبے سے متعلق نظرثانی شدہ دستاویز امریکا کے حوالے کریں گے، جو یورپی شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ان کے مطابق امن سمجھوتے سے متعلق کئی نکات برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ لندن میں طے پائے ہیں۔

زیلنسکی نے کہا کہ امریکا یوکرین کے لیے حقیقی سیکیورٹی گارنٹی چاہتا ہے اور اسی تناظر میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں یوکرین کو انتخابات کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرینی عوام کو اپنے رہنماؤں کے انتخاب کا بنیادی حق حاصل ہے۔ ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ یوکرین جنگ کو انتخابات مؤخر کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں روس کو برتری حاصل ہے اور یوکرین اپنا بڑا حصہ کھو چکا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور زیلنسکی ایک دوسرے سے شدید نفرت کرتے ہیں، جس کے باعث امن معاہدہ انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک بھی جنگ بندی میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

Watch Live Public News