ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے امریکی فٹبال لیگ کا "سب سے قیمتی کھلاڑی" (MVP) ایوارڈ ایک بار پھر اپنے نام کر لیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، میسی نے یہ ایوارڈ مسلسل دوسری مرتبہ جیت کر نئی تاریخ رقم کی ہے، اور وہ امریکی لیگ میں لگاتار دو بار ایم وی پی ایوارڈ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔
میسی کی شاندار کارکردگی، گول اسکورنگ ریکارڈ اور کھیل میں مسلسل بہترین پرفارمنس نے انہیں اس اعزاز کا حقدار بنایا۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے نہ صرف خود کو بلکہ اپنی ٹیم کو بھی کامیاب بنایا تھا۔
امریکی لیگ حکام نے بھی میسی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی سے نہ صرف لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک عظیم مثال بھی قائم ہوئی ہے۔
یہ کامیابی میسی کی عالمی فٹبال میں بلند مقام کو مزید مستحکم کرتی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی مہارت اور محنت کا کوئی متبادل نہیں۔