ملتان ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے نالائق اور نااہل حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اور اس جنگ کے سپاہی پیپلزپارٹی کے کارکنان ہیں۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی قسمت تبدیل کرنے، ملک بچانے کے لیے نکل رہے ہیں۔ احتجاج کی مہم کو نئے مرحلے میں داخل ہونا ہے، ہم نے مل کر کٹھ پتلی حکومت کا بندوبست کرنا ہے۔ عمران خان کہتے تھے وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے آج انہوں نے ہر کسی کو چھوڑ دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے اعلان جنگ کیا ہے، نااہل ، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، اس جنگ میں آپ ہمارے سپاہی ہیں، ہم نے مل کر یہ جنگ لڑنا اور جدوجہد کرنا ہے۔ سلیکٹڈ کٹھ پتلی نظام کے خاتمےکا بندوبست کرنا ہے، کوئی ایسا ایشو نہیں جس پر پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر احتجاج نہ کیا ہو، پیٹرول، گیس، چینی، کے بحران پر پیپلز پارٹی نے ملک میں احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوریا بحران اب تک چل رہا ہے، کسان مارچ، ٹریکٹر مارچ پر آپ کو شاباش دیتے ہیں، کسان کا ایشو کل پاکستان کے عوام کا فوڈ کا ایشو ہوگا، کسانوں کا معاشی قتل ہورہا ہے ، پیپلز پارٹی کل بھی عوام کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی عام آدمی کی جماعت ہے۔ ہماری احتجاج کی مہم نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، مہنگائی ، بیروزگار اور غربت کے خلاف عوامی مارچ ہر سی ای سی میں بحث ہوئی، مہنگائی ،بیروزگاری اور غربت آج ہے تو کل تک کیسے انتظار کرسکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ 27 فروری قریب ہے، ہم 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے،اور وزیراعظم سے حساب لیں گے، لانگ مارچ کی مہم چل رہی ہے، آپ کو گھر گھر پہنچنا ہے۔ آپ نے فیصلہ کرنا ہے کون سے سپاہی اور کارکن ہوں گے جو ہمارا استقبال کریں گے، کس سپاہی نے استقبال میں شریک ہونا ہے، کس سپاہی نے ساتھ رہنا ہے، کس سپاہی نے ہمیں اسلام آباد میں ملنا ہے، یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ زرداری بیماری کے باوجود پاکستان کی سرزمین پر موجود ہیں، آصفہ بھی موجود ہے، پکڑ سکتے ہو تو پکڑو، آپ نے جو الزام لگایا ہے ہم اس سے بری ہوں گے۔ جس نے بھی ہم پر جھوٹا الزام لگایا ہے ان کو سزایافتہ ہونے کا بوجھ اٹھانا پڑرہا ہے، جس نے بھی بی بی پر جھوٹا الزام لگایا وہ ثابت نہیں کرسکا، مشرف بھگوڑا ہوگیا ہے، جو چور چور کہتے نہیں تھکتا تھا، اب نیا آیا ہے جو چور چور کہہ رہا ہے، ان کے ساتھ بھی یہی ہونا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد اور الیکشن کے وقت نظر آئے گا عوام آپ کی کارکردگی پر کیا رائے رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو عذاب سے نجات دلا سکیں گے، تبدیلی کے نام پر تباہی کی جارہی ہے، ماضی کی کرپشن کا راگ الاپنے کے علاوہ کوئی بات نہیں ہورہی، تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن خان صاحب نے کی ہے۔ جو ہمیں اور ہمارے مخالف کو چور کہتے تھے کہ کسی کو نہیں چھوڑنا تھا، میرے خیال میں خان صاحب نے ہر کسی کو چھوڑ دیا ہے، ہم تو کہیٕں بھاگے بھی نہیں۔