آئی ایم ایف ڈیل: 170 ارب کے نئے ٹیکسز لگیں گے، منی بجٹ لانا ہوگا ، اسحاق ڈار کا اعلان

آئی ایم ایف ڈیل: 170 ارب کے نئے ٹیکسز لگیں گے، منی بجٹ لانا ہوگا ، اسحاق ڈار کا اعلان
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کے تحت 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانا ہوں گے جس کیلئے منی بجٹ لانا ہوگا ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ کل رات تک ہر چیز کو باہمی طور پر طے کرلیا گیا ہے، آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی)کی دستاویز ہمیں دے کر جائیں، معاہدے طے پانے کے بعد طریقہ کار کے تحت آئی ایم ایف کو تفصیل دینی ہوتی ہے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد ایم ای ایف پی کا ڈرافٹ آج صبح ہی مل گیا ہے، اب بروز پیر کو ورچوئل میٹنگ کی جائے گی جس میں چیزوں کو آگے لے کر چلیں گے، حکومت اور معاشی ٹیم آئی ایم ایف سے معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے تگ و دو کررہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سابق وزیر اعظم عمران خان کے پروگرام پر عملدرآمد کررہی ہے، یہ پروگرام عمران خان کا ہے، اب چیزوں میں کوئی ابہام نہیں ہے ، ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان تاریخ میں دوسری مرتبہ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرے ، وزیراعظم شہباز نے بھی کہا ہےکہ ہم آئی ایم ایف سے معاہدے پر عملدرآمد کریں گے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف پیکج میں 170 ارب کے ٹیکسز لگانا ہی ہوں گے اس میں حتی الامکان کوشش ہےکہ کوئی ایسا ٹیکس نہ لگے کہ جو ڈائریکٹ عام آدمی پر بوجھ بنے، نئے ٹیکسز کیلئے منی بجٹ لانا ہوگا ، اب اس حوالے سے آرڈیننس یا بل کے معاملات دیکھیں گے، یہ 170 ارب روپے اسی مالی سال میں پورے کرنا ہیں ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ انرجی سیکٹر میں اصلاحات ہیں وہ کابینہ کے ذریعے ہی طے ہوئی ہیں اس پر عمل کریں گے، اس میں ضروری کام آگے کا فلو روکنا ہے جبکہ گیس کے سیکٹر میں بھی گردشی قرضے کو مزید روکنا ہے، ان ٹارگٹڈ سبسڈیز کو منی مائز کریں گے، گیس کے سرکلر ڈیٹ کے فلو کو بھی زیرو کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی کمٹمنٹ پوری ہوچکی ہے ، پیٹرول پر 50 روپے کی لمٹ پوری کرچکے ہیں اور ڈیزل پر 40 روپے کی کمٹمنٹ پوری کر دی ہے ، اب اس پر بقیہ دس روپے 5،5 روپے کرکے پورا کریں گے، بے نظیر انکم سپورٹ میں طے کیا گیا ہےکہ 360 ارب سے حکومت 400 ارب پر لے کر جائے گی ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہے کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس نہیں ہوگا ، جہاں تک جی ایس ٹی کی بات ہے تو وہ 170 ارب کے ٹیکسز میں شامل ہیں ۔ ایل سیز کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ 5،7 ملین ڈالر آنے دیں تو سب بزنس شروع ہوجائے گا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔