(ویب ڈیسک ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کی دوپہر نئی دہلی سے فرانس جاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی فضائی حدود میں سفر کیا ,تاہم انہوں نے سفارتی آداب کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان حکومت یا عوام کے لیے خیر سگالی کا کوئی پیغام نہیں چھوڑا.
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خصوصی طیارے میں نئی دہلی سے پیرس جا رہے ہیں، مودی کا خصوصی طیارہ "انڈیا ون" لاہور کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی نے شیخوپورہ، حافظ آباد، چکوال اور کوہاٹ پر 34 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کیا،بھارتی ایئرفورس کا بوئنگ 777 طیارہ پارہ چنار سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نریندر مودی کے طیارے نے لگ بھگ 41 منٹ تک پاکستانی حدود میں سفر کیا۔ افغانستان کی فضائی حدود بند ہے، بھارتی وزیر اعظم کو خصوصی اجازت دی جاتی ہے۔