اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ، حماس نے  یرغمالیوں کی رہائی روک دی

اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ، حماس نے  یرغمالیوں کی رہائی روک دی

(ویب ڈیسک )   اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر حماس نے یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک روک دی۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کیا۔

ابو عبیدہ نے بیان میں کہا کہ  گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کو نوٹ کیا جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ واپسی میں تاخیر کرنا اور ان پر بمباری کرنا بھی شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ   غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں طے شدہ طریقے کے مطابق امداد بھی نہیں پہنچائی گئی جبکہ مزاحمتی گروہوں نے معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔

ابو عبیدہ نے کہا کہ ان وجوہات کے باعث ہفتے کے روز یعنی 15 فروری 2025 کو اسرائیلی یرغمالیوں کی ہونے والی رہائی کو اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  یہ رہائی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیل معاہدے میں طے شدہ نکات پر عمل نہیں کرتا اور اس حوالے سے ہونے والے نقصان کی تلافی نہیں کرتا۔

ابو عبیدہ نے مزید  کہا جب تک اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر عمل کرتا رہے گا تب تک وہ بھی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔

واضح رہے کہ   حماس نے اس سے قبل بھی اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

حماس  نے کہا تھا کہ   اسرائیل نے غزہ میں طے شدہ تعداد کے مطابق خمیے اور پہلے سے تیار گھر داخل ہونے نہیں دیے جبکہ اسرائیل سڑکیں کھولنے اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی غزہ میں داخل نہیں ہونے دے رہا۔ اسرائیل تعمیراتی سامان بھی غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے۔

Watch Live Public News