ویب ڈیسک: سری لنکا کے صدر انوراکمارا ڈسانائیکے نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، صدر ڈسانائیکے نے اپنے پیغام میں لکھا: " شکریہ وزیراعظم شہباز شریف"، اور کہا کہ وزیراعظم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہمارا پیارا کھیل جاری رہے، جس سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو خوشی کا موقع ملا۔
سری لنکن صدر نے مزید کہا کہ کولمبو میں پاک بھارت میچ کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، اور اس میں آئی سی سی اور دیگر متعلقہ فریقین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس میچ کے انعقاد کو ممکن بنایا۔
انوراکمارا ڈسانائیکے نے پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا 1996 کے ورلڈکپ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کو کبھی نہیں بھولے گا۔
سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس وقت کولمبو میں کرکٹ کھیلا جب دنیا بھر میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دوسرے ممالک گریز کر رہے تھے، اور اس جرات مندی پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔